پشاور ( اے پی پی)خیبرپختونخوا کے وزیر محنت اور ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ اور سندھیوں کا بیڑا غرق کیا ہے، 12 سال سے سندھ میں برسرِ اقتدار رہنے کے باوجود آج بھی کراچی بارش ہونے کے بعد پانی میں ڈوب جاتا ہے۔ اور لوگوں کی جانیں چلی جاتی ہے۔ پیپلز پارٹی گڈگورننس کے بجائے کرپشن میں ایکسپرٹ ہے۔عاجز دھامرا کو پشاور میں بی آر ٹی منصوبہ دیکھنے کی دعوت دی تھی لیکن وہ بازاروں میں ڈرامے کرنے چلے گئے۔پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرا کی نیوز کانفرنس اور دورہ پشاور پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہعاجز دھامرا اگر ہمارے ساتھ رابطہ کرتے اور چوروں کی طرح نہ آتے ہم ان کی پختون روایات کے مطابق مہمان نوازی کرتے، مہمان نوازی کا موقع نہ دینے پر عاجز دھامرا سے مایوسی ہوئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ مکمل ہو چکا ہے اور آج بھی اس بات پر قائم ہوں روزانہ بی آر ٹی پر بسیں چلتی ہیں۔ بی آر ٹی کا افتتاح کورونا کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے آپریشن شروع کیا ہوا ہے اس لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی چیخیں نکل رہی ہیں لیکن احتساب کا یہ عمل اور آپریشن کسی حال میںنہیں رکے گا ۔بلاول زرداری کی عمر اب سیکھنے کی ہے وہ کیا حکومت گرائینگے؟ اس سے پہلے مولانا فضل الرحمن بھی تحریک چلا چکے ہیں،پیپلز پارٹی اپنی کرپشن چھپانے اور احتساب سے بچنے کے چکر میں لگی ہوئی ہے۔