یورپی یونین اینٹی وائرل دوا ریمڈیسیویرخریدنے کیلیے رضامند

202

یورپی یونین نے امریکی دوا ساز کمپنی سے اینٹی وائرل کی دوا ریمڈیسیویر کو کورونا علاج کے لیے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین نے اعلان کیا ہے کہ کورونا علاج کے لیے  گیلیڈ سے ریمڈیسیویر کی محدود  تعداد کو خریدنے کے لیے تیار ہیں۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ 30 ہزار مریضوں کے لیے ریمڈیسیویر دوا کے عوض وہ 73.9ملین ڈالرز کی خطیر رقم ادا کریں گے۔

عالمی وبا کی شکل اختیار کرنے والے کورونا وائرس کے علاج کے لیے  ابھی تک کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے تاہم امریکا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ہنگامی بنیادوں پر گیلیڈ سائنسز کی ایبولا وائرس کے لیے تیار کی گئی دوا ‘ریمڈیسیویر” کورونا کے مریضوں کو دینے کی اجازت دی تھی۔

سائنسدانوں نے تحقیق کے بعد یہ دعویٰ کیا تھا کہ ہیپاٹائٹس سی کی ویکسین بھی کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے جب کہ آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے جوؤں اور پیراسائٹ کے خلاف استعمال کی جانے والے دوا  بھی کورونا کے خلیوں کا خاتمہ کرنے میں مددگار ثابت ہونےکا دعویٰ کیا تھا۔

لیکن اب امریکا کے سائنسدانوں نے  اینٹی وائرل دوا ریمڈیسیویر  کا بندروں پر کامیاب تجربے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ  یہ دوا کورونا کے خلاف مؤثر ہے۔

گیلیڈ کا کہنا ہے کہ وہ دوا کی وسیع پیمانے پر تیاری اور دنیا بھر میں فراہمی کے لیے پارٹنرز کا ایک کنسورشیم بنانے پر کام کر رہی ہے جب کہ دوا کی فراہمی کے لیے یونیسیف کے ساتھ بھی بات چیت حتمی مراحل میں ہے۔