یورو زون کی سالانہ قومی پیداوار میں شدید کمی کا رجحان

169

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) رواں برس کے پہلے 6 ماہ میں یورو زون کی مجموعی معیشت میں 12.1 فیصد کی سست روی پیدا ہوئی ہے، جس میں سب سے زیادہ اقتصادی مسائل اسپین کو درپیش ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جمعہ کے روز یورپی یونین کی جانب سے جاری اعداد شمار میں بتایا گیا ہے کہ یورو زون اور یورپی یونین کی سالانہ قومی پیداوار میں ہونے والی شدید گراوٹ میں چوتھی بڑی معیشت سمجھے جانے والے ملک اسپین کا حصہ سب سے زیادہ ہے، جس کی سالانہ قومی پیداوار میں زوال 18.5 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ اقتصادی گراوٹ نے واضح کردیا ہے کہ اسپین اس وقت کساد بازاری کی لپیٹ میں ہے۔ اُدھر فرانس اور اٹلی کی سالانہ قومی پیداوار میں بھی حیران کن طور پر زوال آیا ہے جب کہ فرانس کی جی ڈی پی 13.8 فیصد اور اٹلی کی سالانہ قومی پیداوار میں 12.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یورپی یونین کے اقتصادی کمشنر پاؤلو جینٹیلونی کا کہنا ہے کہ کورونا وبا سے تمام یورپی ممالک کی اقتصاد پر گہرے اور ناقابل بیان منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور یہ دُور رس نتائج کے حامل ہیں، جس سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے میں طویل وقت لگے گا۔یونین کے دفتر شماریات نے واضح کیا ہے کہ جمعہ کے روز جاری اعداد شمار تاحال نامکمل ہیں۔