ایف بی آر: رواں ماہ ہدف سے 57 ارب روپے زیادہ محصولات جمع

85

اسلام آباد (اے پی پی) ایف بی آر نے نئے مالی سال 2020-21 کے پہلے ماہ میں ہدف سے 57 ارب روپے سے زیادہ کے محصولات جمع کیے ہیں۔ ایف بی آر کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق جولائی میں مقرر کردہ ہدف 243 ارب روپے کے مقابلے میں ایف بی آر نے 300 ارب روپے اکھٹے کیے۔ کل ہدف سے 57 ارب کے زیادہ میں ان لینڈ ریونیو کی طرف سے 52 ارب روپے اور کسٹمز کی طرف سے 5 ارب کا زائد اضافہ حاصل ہوا ہے۔ واضح رہے کہ کسٹمز ڈیوٹی میں 25 ارب روپے کا ریلیف بھی دیا گیا۔ کاروباری کمیونٹی کی کورونا وائرس کی وبا کے باعث معاشی مشکلات کو دور کرنے کیلیے ماہ جولائی میں ان لینڈ ریونیو کی مد میں 15 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے۔ ایف بی آر کے مطابق ریونیو میں یہ اضافہ بہتر انتظامی کنٹرول اور نگرانی کے باعث ممکن ہوا اور کورونا وائرس کی وبا کے باعث معاشی سست روی، لاک ڈاؤن اور حکومت کی درآمد کمی کی پالیسی کے باوجود حاصل کیا گیا ہے۔ یہ یا د رہے کہ فنانس ایکٹ 2020ء میں کسٹمز سے متعلق کوئی نیا ٹیکس یا ڈیوٹی نہیں لگائی گئی۔ ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ ایف بی آر تجارت سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل کے لیے بھی کوشاں ہے۔کرپشن سے پاک ایف بی آر کی کوششیں بھی جاری ہیں اور صرف جولائی میں درجنوں افسران و اہلکاروں کو برطرف اور معطل کیا جا چکا ہے۔