شجرکاری مہم سے ایک سال میں بڑی تبدیلی آئی، وزیراعظم

95

اسلام آباد (خبرایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شجرکاری مہم کے تحت ایک سال میں بڑی تبدیلی نظرآرہی ہے، مافیا سے زمین واگزار کرا کے شجرکاری کی گئی۔جمعہ کو وزیراعظم نے پنجاب کے علاقے بلوکی کی وڈیو شیئر کی ، اس وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سال قبل خالی نظر آنے والی جگہ پر ہزاروں درخت لگے ہوئے ہیں۔ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ 10 بلین ٹری سونامی کے تحت پنجاب میں موسمیاتی تبدیلی واضح ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر مزید لکھا کہ شجر کاری مہم سے آئندہ نسلوں کے لیے سبز پاکستان بنانے پر مطمئن ہوں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈی نیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں آباد سمیت ملک کے 13 بڑے بلڈرز نے وزیراعظم عمران خان کو بڑھ چڑھ کر تعمیراتی شعبے میں کام کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ بلڈرز نمائندگان کا کہنا تھا کہ آئندہ 4 سے 5 ماہ میں 13 کھرب روپے تک اقتصادی سرگرمیاں پیدا ہوں گی، ان سرگرمیوں سے ایک لاکھ ہاؤسنگ یونٹس تعمیر ہوں گے، ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ تعمیراتی سرگرمیوں کے لیے بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔آباد کے نمائندگان نے چند ماہ کے اندر مختلف منصوبے شروع کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ این او سی اور اجازت ناموں کے عمل کو آسان بنانے سے تعمیراتی شعبے سے وابستہ کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت پر کورونا کے منفی اثرات زائل کرنے اور معاشی عمل تیز کرنے کیلئے تعمیراتی شعبے پر توجہ دی گئی ہے۔
شجرکاری مہم