اسلام آباد (نمائندہ جسارت) حکومت نے کورونا کے باعث برصغیر پاک ہند کے صوفی بزرگ حضرت بابا فرید ؒ کا 778واں عرس محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، دربار کے سجادہ نشین چند مخصوص افراد کے ہمراہ روایتی رسومات ادا کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر پنجاب حکومت نے رواں سال پاکپتن میں برصغیر پاک ہند کے صوفی بزرگ حضرت بابا فرید ؒ کا 778واں عرس محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس حوالے سے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے
نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق رواں سال پاکپتن میں بابا فریدکے عرس کی تقریبات منعقد نہیں ہوں گی، تاہم دربار کے سجادہ نشین اپنے خاندان کے افراداور چند مخصوص افراد کے ہمراہ حکومتی ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے روایتی رسومات ادا کریں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عرس تقریبات میں عام زائرین کو شرکت کی اجازت نہیں ہو گی، عرس کی 15 روزہ تقریبات 25 ذوالحج سے شروع ہوں گی۔خیال رہے گزشتہ سال 15 روزہ تقریبات میں 22 لاکھ سے زاید عقیدت مندوں نے شرکت کی سعادت حاصل کی تھی۔