راولپنڈی(این این آئی)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ بھارت خطے کے امن کو سبوتاژکر رہا ہے، بھارت کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے، پاکستان کو یاسین ملک کا معاملہ بھی عالمی عدالت میں اٹھانا ہوگا۔ راولپنڈی آرٹس کونسل میں یومِ استحصال کے موقع پر کشمیری مسلمانوں پرمظالم کی تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت نے5 لاکھ بھارتیوں کو کشمیر میں ڈومیسائل دیے ہیں، بھارت کشمیریوں کی شناخت ختم کر رہا ہے۔ عید پر کورونا کا بہانہ کر کے کشمیریوں کو نماز سے روکا گیا۔انہوں نے کہا کہ تمام ہمسایہ ملک بھارت سے عاجز ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یاسین کی رہائی کے لیے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ حریت رہنما کا معاملہ عالمی عدالت میں لے کر جائے۔