مظفر گڑھ اور سکھر میں ٹریفک حادثات، 11 افراد جاں بحق

120

مظفرگڑھ/ سکھر (این این آئی) مظفر گڑھ اور سکھر میں خوفناک ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت 11 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ جھنگ روڈ پر کھدائی اڈا کے قریب مسافر وین اور کار کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم میں 9 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے، ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو گاڑیوں سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جبکہ 3 مزید افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ علاوہ ازیں روہڑی کے قریب موٹروے پر انٹر چینج کے مقام پر لاہور سے کراچی جانے والی ایک کار تیز رفتاری کے باعث آگے جانے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار 35 سالہ شانی اور اس کی بیوی موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا 2 سالہ بیٹا اور متوفی شانی کی 50 سالہ ماں مریم زخمی ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں فوت ہونے والی خاتون کار چلا رہی تھیں پولیس نے دونوں گاڑیاں تحویل میں لے لی ہیں زخمی خاتون مسمات مریم کو نازک حالت میں سول اسپتال سکھر ریفر کردیا گیا ہے۔