مودی بند گلی میں پھنس گیا‘ کشمیر اب آزاد ہوگا‘ عمران خان ۔ آزاد کشمیر میں ریلی کی قیادت

128

مظفر آباد(خبرایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مودی گلی میں پھنس گیا ہے اور اب کشمیر آزاد ہوگا۔ان کے بقول بھارت میں حالات اب بگڑتے جائیں گے۔عمران خان نے ان خیالات کا اظہار یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں ریلی کی قیادت اور آزادکشمیر اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آزادکشمیرقانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سمیت صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بھارتی اقدام کے خلاف مذمتی قرارداد بھی پیش کی گئی جس کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ اسمبلی سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کشمیریوں کو ایسی صورتحال سے گزار رہاہے جس کا اختتام آزادی ہے، مودی گزشتہ سال 5 اگست کو بہت بڑی غلطی کر بیٹھا ہے،چین سے خوفزدہ مغربی ممالک بھارت کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مودی سمجھتا تھا غیرقانونی اقدام پر دنیا خاموش رہے گی تاہم گزشتہ ایک سال میں دنیا میں مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اٹھایا گیا،بھارتی حکومت کی تمام سرگرمیوں کے پیچھے تکبر ہے، مودی کی متکبرانہ سوچ اس کی تباہی ثابت ہوگی، روس نے تکبر کی وجہ سے اپنی فوج تباہ کرلی جب کہ مودی کی اصلیت آج دنیا کے سامنے آگئی ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اقدامات کے نتیجے میں بھارت کو پسپائی ہوئی اور عالمی سطح پر پاکستان کے بیانیے کو پذیرائی ملی ہے، آج دنیا کشمیر کی طرف دیکھ رہی ہے، کشمیر کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ظلم کے باوجود کشمیریوں نے سری نگر میں پاکستان کا جھنڈا اٹھایا ہے۔عمران خان نے کہا کہ کشمیری نوجوان موت سے بے خوف ہیں، بھارت کا کشمیریوں سے متعلق جو پلان ہے اس میں کامیاب نہیں ہوسکتا، ہم نے مکمل منصوبہ بندی کر رکھی ہے،جو صلاحیت پاکستان میں ہے کسی ملک میں نہیں اور پاکستانیوں کو اپنی صلاحیت کا خود بھی اندازہ نہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سید علی گیلانی کو ان کی ثابت قدمی پر نشان پاکستان سے نوازیں گے، علی گیلانی بڑے لیڈر ہیں اور ان کی طویل جدوجہد ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدرنے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیری پاکستان سے اب سیاسی سفارتی حمایت سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات چاہتے ہیں، اب اخلاقی ، سیاسی ، سفارتی مدد سے معاملہ آگے جاچکا ہے، بھارت کے اقدامات کو روکا نہ گیا تو خطے کو درپیش خطرہ بڑھ جائے گا۔اجلاس سے مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق ، جماعت اسلامی کے سابق امیر عبدالرشید ترابی،تحریک انصاف کے صدر بیرسٹر سلطان محمود اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے صدر سردار حسن ابراہیم نے بھی خطاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام فوجی محاصرے میں ہیں ہمیں سیاسی ، سفارتی حمایت سے آگے نکل کر پالیسی دینی ہوگی۔