کشمیر کا بھارت کے ساتھ جبری الحاق کسی صورت قبول نہیں ،گورنربلوچستان

72

کوئٹہ (این این آئی) گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے، مودی سرکار کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو ظلم وجبر سے نہیں دبا سکتی، کشمیر عالمی مسئلہ ہے، اقوام متحدہ جنوبی ایشیا میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے کے لیے اقدامات کرے اگر خطے میں دو ایٹمی ممالک کا ٹکرائو ہوا تو اس کی ذمے دار عالمی برداری بھی ہوگی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پر یوم استحصال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ جام کمال خان، صوبائی وزرا میر عارف جان محمد حسنی، میر سلیم کھوسہ، اراکین اسمبلی قادر علی نائل، مبین خلجی اور بشریٰ رند سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ 5 اگست 2019ء تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے، اس دن مودی سرکار نے اپنے ہی ملک کے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرٹیکل 375(A) اور 135 کو بلڈوز کیا اور کشمیر کے بڑے حصے کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر رضا مندی بھی ظاہر کی لیکن وہ آج تک ان اصولوں کو تسلیم نہیں کررہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ ظلم و جبر سے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد سے دستبردار کروا کر کشمیر پر قابض ہوجائے گا اگر نریندر مودی کو لگتا ہے کہ کشمیر ان کا اٹوٹ انگ ہے تو وہ صرف چار دنوں کے لیے کشمیر سے کرفیو ہٹا کر دیکھ لیں انہیں معلوم ہو جائے گا کہ وہ کشمیر کی آزادی کو روک نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بھارت کے ساتھ جبری الحاق کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہوسکتا، کشمیر عالمی مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی تجاویز آج بھی موجود ہیں اگر اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو دو ایٹمی قوتوں کے ٹکرائو کا خدشہ ہے، جس کی ذمے داری عالمی اداروں اور اقوام متحدہ پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا ہے پاکستان اور بلوچستان کا ہر فرد کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور آخری دم تک ساتھ کھڑا رہے گا۔ وزیر اعظم نے 5 اگست کے بعد آزاد کشمیر کی اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ وہ کشمیر کے سفیر بن کر نمائندگی کریں گے جو انہوں نے آج تک کی ہے، آئندہ بھی کرتے رہیں گے، سفارتکاری کے بہترین نتائج مرتب ہوئے ہیں۔