پاکستان بھارتی مظالم روکنے کیلیے جرأت دکھائے، آمنہ مسعود جنجوعہ

78

راولپنڈی (صباح نیوز) ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے،حکومت پاکستان بھارتی استبداد کو روکنے اور ختم کرنے کے لیے جرأت مندانہ اقدامات کرے،یوم استحصال کے موقع پر اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ بھارت اگرچہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعوے دار ہے مگر اسی بھارت نے اس کشمیر کو ایک جہنم میں بدل دیا جس کو زمین پر جنت کا ٹکڑا مانا جاتا تھا۔ دنیا کے کسی ایک خطے میں سب سے زیادہ افواج کے ارتکاز کے ساتھ بھارتی مقبوضہ کشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک ایٹمی فلیش پوائنٹ بنا ہوا ہے۔ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے بھارت ہر طرح کا ظلم روا رکھے ہوئے ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کی ایک علامت کو ختم کرنے کی کوشش کی میں کرفیو لاگو کرکے کشمیریوں کے لیے زندگی کو مزید تاریک کر دیا گیا۔ آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ اس آئینی دہشت گردی کے بعد بھارت کے مظالم بڑھتے جا رہے ہیں۔ صرف پچھلے چھ ماہ میں 229 افراد کو شہید کیا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے ڈیفنس آف ہیومن رائٹس اعلان کرتی ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے اور جدوجہد کریں گے۔