شاہراہ کشمیر کا نام تبدیل کرنا درست نہیں، اسکی مذمت کرتے ہیں

112

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115 کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری رانا محمد عمر فاروق، یوسی 57 کے ٹھیکیدار غلام مرتضیٰ، یوسی 59 کے وقاص ڈوگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد ہے۔ شاہراہ کشمیر کا نام تبدیل کرنا درست نہیں، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، اس کا نام بحال کیا جائے، 5 اگست کے بعد حکومت پاکستان کو چاہیے تھا کہ وہ عالمی عدالت انصاف میں جاتی مگر بدقسمتی سے ابھی تک اس کی طرف دھیان نہیں دیا گیا۔ فوری طور پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا جائے۔ حکومت نے ہر وعدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس وعدے سے بھی انخراف کیا ہے۔ پاکستانی قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، بھارت نے شملہ معاہدہ خود ہی ختم کردیا ہے۔ اب حکومت پاکستان کسی معاہدے کی پابند نہیں ہے۔ ریاست پاکستان اسی طرح کشمیریوں کی پشتیبانی کرے جس طرح 1990ء میں کررہی تھی، بھارت نے کشمیر کو اپنی ریاست قراردیکرخطے پر جنگ مسلط کر دی،وقت کا تقاضا ہے کہ اب پاکستانی قوم بھی تیار ی کرے،اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں دلوانا، کشمیری جہاد سے ہی آزادی حاصل کریں گے،4لاکھ ہندئوں کو کشمیر کا ڈومیسائل جاری کردیا گیا،کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو اقلیت میں بدلنا اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،پاکستان بھارت کے ساتھ نہ صرف تمام تعلقات منقطع کرے بلکہ عالمی برادر ی سے اپیل کرے کہ وہ بھارت کا سیاسی،معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کرے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے عالمی برادری بھارت کے خلاف فوجی مداخلت کرے۔ کشمیر گانے بجانے سے نہیں جہاد سے آزاد ہوگا، یوم شہدا کشمیر کے موقع پر افغان ٹرانزنٹ ٹریڈ بحال کرنا کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔