حریت کانفرنس کا11اگست کو مقبوضہ وادی میں ہڑتال کا اعلان

209

سری نگر(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجما ن نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں سینئر حریت رہنما شہید شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے11اگست کو ان کی شہادت کی برسی پر مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ بھارتی فوجیوںنے شیخ عبدالعزیز کو 11 اگست2008ء کواس وقت گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف کنٹرول لائن کی طرف ایک جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدائے کشمیر کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے 11اگست کو مکمل ہڑتال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کا مقصد بھارت کو یہ پیغام دینا ہے کہ شہداء کے مشن کو ہرقیمت پر اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔