کوئٹہ، خودکش حملے میں شہید وکلا کی یاد میں یوم سوگ

128

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) اگست 2016ء کوئٹہ کے سول اسپتال میں خودکش حملے میں شہید وکلاء کی یاد میں یوم سوگ منایا گیا جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ میں شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوا نی کا اہتمام کیا گیا۔ 8 اگست 2016ء کو سول اسپتال میں وکلاء پر ہونے والے خودکش دھماکے کے 4 سال مکمل ہونے پر شہید وکلاء کے ایصال ثواب کے لیے بلوچستان بھر کی وکلاء تنظیموں کی جانب سے ہائیکورٹ میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس میں وکلاء کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر وکلاء کا کہنا تھا کہ سانحہ 8 اگست کا دل دہلانے والا دن آج بھی ان کے ذہنوں پر نقش ہے۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ سانحہ 8 اگست سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا جس پر انہیں تشویش لاحق ہے۔ 8 اگست 2016ء کو بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد کوئٹہ سول اسپتال کو خودکش دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں 56 وکلاء اور 2 صحافیوں سمیت 75 افراد شہید ہوئے تھے۔