سلیکٹڈ وزیراعظم نے غلطی نہ ماننے کا رجحان پروان چڑھایا‘ فضل الرحمن

126

ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز) جمعیت علما اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ غلطی کرکے نہ ماننے کے نئے رجحان کو سلیکٹڈ وزیر اعظم نے ملکی سیاست میں متعارف کرایا ہے ،ہم نے سلیکٹڈ لاڈلے وزیر اعظم کے خلاف پہلے دن سے جو بیانیہ دیا تھا آج تمام اپوزیشن جماعتیں اعتراف کر رہی ہیں کہ جے یو آئی کا موقف درست تھا اور ان کی رائے جے یو آئی کے مقابلے میں کمزور تھی، نبی کریمؐکی شان میں گستاخی کرنے والے کے خلاف پارلیمنٹ نے جوتاریخی اقدام کیا تھا اس حوالے سے 7ستمبر 2020ء کو پشاور میں یوم فتح ختم نبوتؐ کانفرنس ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں جامع معارف العلوم شورکوٹ میں پارٹی کی ضلعی مجلس عاملہ اور تحصیل امرا کے اجلاس کے موقع پر کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے صوبائی تنظیمی عہدیداروں کوہدایت کی کہ گستاخ رسول کو قتل کرنے والے نوجوان کے کیس کی معاونت کے لیے ہر سطح پر رائے ہموار کی جائے۔ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہے اور ہر شعبے کو ناکامی کی جانب دھکیل چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ہر محاذ پر حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ اجلاس میں صوبائی امیر جے یوآئی سینیٹرمولانا عطا الرحمن ،صوبائی جنرل سیکرٹر ی مولانا عطا الحق درویش ، جے یو آئی و پارلیمانی لیڈر خیبر پختونخوا اسمبلی مولانا لطف الرحمن اور ضلعی جنرل سیکرٹری چودھری اشفاق ایڈووکیٹ و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔