کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کا 73 واں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلیے زبردست تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئیں، شہرکے گلی کوچوں، محلوں، شاہراہوں،عمارتوں اور دیگر مقامات کو بارشوں کے باوجود خوبصورتی سے سجایا جارہا ہے۔
جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے بچوں، نوجوانوں اور خواتین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے،شہر بھر میں قومی پرچموں کی بہار آگئی۔
بچوں اور نوجوانوں کا کہنا ہے کہ جشن آزادی ہمارے لیے عید کی حیثیت رکھتا ہے۔اس دن برصغیرکے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت حاصل ہوئی تھی،جشن آزادی کے سرکاری و نجی عمارتوں کوبرقی قمقموں سے سجانے کا کام جاری ہے،شہری اپنی گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجا رہے ہیں۔
بچے، بچیاں اور نوجوان اپنے گھروں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے آراستہ کررہے ہیں،شہر میں نوجوان قومی پرچم لہراتے ہوئے موٹرسائیکلوں پر گشت کر رہے ہیں،مختلف سیاسی،مذہبی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے 14 اگست کے حؤالے سے سیمینار و مذاکروں کا انعقاد کیا جائے گا۔
بازاروں میں جگہ جگہ قومی پرچموں کے اسٹالز سج گئے۔ساتھ ہی بچوں اور بڑوں کی خوشی بھی دیدنی ہے۔
شہر قائد میں جشن آزادی کے حوالے سے پاکستانی پرچم ،جھنڈیوں،بیجز اور دیگر آرائشی اشیاء کی فروخت کے لیے سیکڑوں عارضی اسٹال قائم ہو گئے ہیں۔ 14 اگست قریب آتے ہی محب وطن پاکستانی ان اسٹالز کی طرف کھینچے چلے آتے ہیں۔
قومی پرچم ،جھنڈیوں ، کیپ اور بچوں کے پاکستانی پرچم والے ڈیزائن پر مبنی کپڑوں اور ٹی شرٹس کی فروخت عروج پر پہنچ گئی ہے۔
کراچی میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔ بچے اور والدین گھروں اور محلوں کو سجانے کے لئے جھنڈے جھنڈیاں اور دیگر اشیا کی خریداری میں مصروف ہیں۔
ایم اے جناح روڈ پر کراچی کی سب سے بڑی پیپر مارکیٹ میں سبز پرچموں کی بہار ہے۔ جیسے جیسے یوم آزادی کا دن قریب آ رہا ہے بازار میں رش بڑھ رہا ہے۔
صدر پیپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر کے جھنڈے کی بھی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے جس کے بعد دکانداروں نے کشمیر کے جھنڈے بھی تیار کرنا شروع کر دئیے ہیں۔
14 اگست کی تیاریوں میں سڑک کناروں پر سجے عارضی اسٹالز سے سبز حلالی پرچم میں رنگی اشیاء کی خریداری جاری ہے۔
کوئی اپنے لیے تو کوئی چھوٹے بہن بھائیوں کے لیے خریداری کر رہا ہے۔اسٹالز پر سبز حلالی پرچم، بیجز، بچوں کے کپڑے ، ماسک اور بے شمار دلچسپ چیزیں رکھی گئیں ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ اس جشن آزادی پر یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم متحد قوم ہیں اور اپنے اس عظیم دن کو بھر پور جذبے سے مناتے ہیں۔جشن آزادی بھرپور انداز میں منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ شہر بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آگئی ہے۔
زندہ قومیں اپنے قومی تہواروں کی بھرپور تیاری کرتی ہیں۔ ماہ اگست کے شروع ہوتے ہی سبز ہلالی پرچموں کی بہار آجاتی ہے۔ لہراتے سبز ہلالی پرچم اس بات کا ثبوت ہیں کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں قوم کا اپنے وطن سے اظہار کا جزبہ کبھی ماند نہیں پڑتا۔