مسجد میں گانے کی عکس بندی ، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس ،افسر معطل

215

لاہور ( مانیٹر نگ ڈ یسک +خبر ایجنسیاں)مسجد میںگانے کی عکس بندی‘وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس ۔ افسرمعطل۔چودھری برادران اور شہر یوں کا کہنا ہے کہ ذمے داروں کو گرفتار کیا جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسجد وزیر خان میں مبینہ طور پر گانے کی عکس بندی کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اوقاف کے صوبائی وزیر اور اور سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت جاری کی ہے کہ واقعے کی جامع تحقیقات کر کے ذمے داروں کا تعین کیا جائے اور ذمے داران کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسا واقعہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، مسجد مقدس ترین مقام ہے، کسی کو بھی مسجد کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جو بھی ذمے دار ہوا،وہ قانون کے تحت سزا سے بچ نہیں پائے گا، مساجد کے تقدس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔علاوہ ازیںلاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں فنکاروں کے رقص کے معاملے پر محکمہ اوقاف پنجاب نے مسجد کے منیجر اشتیاق احمد کو معطل کردیاہے ۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مسجد کا احترام ہر کسی پر لازم ہوتا ہے، مسجد میں فنکاروں کی جانب سے رقص کسی صورت قابل قبول نہیں۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مسجد وزیر خان میں ناچ گانے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس صد افسوس کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مسجد کے تقدس کو اس طرح پامال کیا گیا اور ابھی تک نہ تو اس کے ذمے داروں کا تعین کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر لاکھوں قربانیوں کے بعد یہ ملک کیا اس لیے قائم کیا گیا تھا کہ یہاں مساجد میں رقص و سرود ہو اور سرعام ایسا کرنے اور اس کی اجازت دینے والوں کو ابھی تک پکڑ کر جیل میں نہیں ڈالا گیا۔انہوں نے کہا کہ مساجد میں کتنی دیدہ دلیری سے ناچ گانا ہو رہا ہے جو کہ شریعت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس سانحہ کے ذمے داروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے اور انہیں قرار واقعی اور مثالی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی قبیح حرکت کی جرات نہ کر سکے۔
لاہور: جماعت اسلامی یوتھ کے زیراہتمام مسجد کا تقدس پامال کرنے کیخلاف مسجد وزیر خان کے باہر احتجا ج کیا جا رہاہے