کیا آپ نظر کا چشمہ لگنے سے بچنا چاہتے ہیں؟ . . . یہ عمل ترک کردیں

773

اگر آپ اپنی آنکھوں پر نظر کا چشمہ لگنے سے بچنا چاہتے ہیں تو اسمارٹ فونز کا استعمال زیادہ نہ کریں۔

ویسے تو یہ بات سب مانتے ہیں کہ بہت زیادہ دیر تک اسمارٹ فونز کی اسکرینز کو دیکھنا اچھا نہیں ہوتا مگر ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ عادت  محض تصور سے بھی زیادہ نقصان دہ ہوتی ہے خاص طور پر آنکھوں کے لیے۔

تحقیق کے مطابق جو نوجوان اپنا زیادہ وقت اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہوئے گزارتے ہیں ان میں آنکھوں کے مختلف امراض کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ ان امراض میں آنکھوں کی خشکی نمایاں ہے جس کے نتیجے میں آنکھیں آنسو بنانے میں ناکام رہتی ہیں جس کے نتیجے میں وہ سرخ، سوجن اور خارش کا شکار ہوجاتی ہیں۔

عام طور پر ایسے مرض بوڑھے افراد میں ہوتے ہیں لیکن اسمارٹ فونز کے زیادہ استعمال کے نتیجے میں نوجوان اس کا زیادہ شکار ہورہے ہیں اور بینائی کی کمزوری کا خطرہ وقت کے ساتھ بڑھتا چلا جارہا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ جب لوگ اسکرینز کو دیکھتے ہیں تو کم پلکیں جھپکاتے ہیں جس کے نتیجے میں اس مرض کا خطرہ بڑھتا ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ آنکھیں خشک ہونے کے ساتھ ساتھ بینائی کے مختلف امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے جسے طبی زبان میں ڈیجیٹل آئی اسٹرین کا نام دیا گیا ہے۔