جے آئی یوتھ جماعت اسلامی کاہراول دستہ ہے،عمرفاروق

118

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ پی پی117کا اجلاس المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں ضلعی صدر چودھری عمرفاروق کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیرراناعدنان خاں نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری راشدمحمود،زونل صدر محمدنعیم رمضان اوردیگرذمے داران بھی موجودتھے۔اجلاس میں نومنتخب عہدیداران اورممبران سے حلف بھی لیاگیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہاکہ جے آئی یوتھ جماعت اسلامی کاہراول دستہ ہے ،آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی ہدایت پر اپنے بلدیاتی حلقوںمیں اپنے امیدوارکھڑے کریں گے۔عمرفاروق گجرنے کہاکہ جماعت اسلامی کے نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں اور پاکستان میں کسی بھی غیرقانونی اورغیرشرعی کام کے خلاف کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ مسجد وزیر خان میں فلم کا گانا فلمانا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔مساجد کو فلموں کی شوٹنگ کے استعمال کرنا اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔چند ماہ قبل بادشاہی مسجد اور اب مسجد وزیر خان میں فلم کی شوٹنگ ہونا حکومتی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔راناعدنان خاں نے کہاکہ مساجد میں عریانی و فحاشی کی یلغار سے دینی حلقوں میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔ اللہ کے گھر کو فلمی شوٹنگ کیلیے استعمال کرنا بہت خطرناک ہے۔ شوبز کی بے پردہ اور حیا باختہ عورتوں کی بھرمار پر تاریخی مساجدوں کے منبر و محراب اور در ودیوار خون آنسو بہاتے نظر آ رہے ہیں بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ اسلام کے نام پر بننے والی اسلامی ریاست میں اللہ کے گھروں میں یہ مکروہ کھیل کھیلا جارہا ہے۔چاہیے تو یہ تھا کہ مسجد کا رنگ سینما گھروں، فلمی تھیٹروں اور عریانی و فحاشی کے اڈوں پر غالب آتا، مگر کس حد تک معاشرے میں بدی زور پکڑتی جا رہی ہے کہ مسجد کے اندر کے ماحول پر مسجد سے باہر کا ماحول اس قدر غالب آ گیا ہے۔جے آئی یوتھ کے رہنمائوں نے حکومت اورمتعلقہ اداروںسے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مساجد میں فلموں کی شوٹنگ اور حیا باختہ پروگرامات پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور مسجد وزیر خان میں فلمی گانے کی عکس بندی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔