کورونا وائرس بالوں کے لیے بھی نقصان دہ

306

عالمی وبا کورونا وائرس کو گردوں اور دل کے لیے تو نقصان دہ قرار دیا ہی گیا تھا تاہم تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس بالوں پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔

حالیہ تحقیق کے مطابق بالوں کا گرنا بھی کورونا وائرس کا طویل المدتی سائیڈ ایفیکٹ ہے۔

ٹوئٹر پر ‘می ٹو’ ٹرینڈ کا آغاز کرنے والی امریکی اداکارہ، پروڈیوسر ایلسا میلانو کو کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد بالوں کے تیزی سے گرنے کا سامنا ہے۔

اپنی ویڈیو میں انہوں نے شائقین کو ٹوٹے ہوئے بالوں کا گچھا دکھاتے ہوئے کہا کہ ایک بار برش کرنے سے ان کے اتنے سارے بال اتر گئے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ماسک پہننے کو یقینی بنائیں۔

گزشتہ ہفتے ایلسا میلانو نے انکشاف کیا تھا کہ کورونا وائرس اور اینٹی باڈیز کے مجموعی طور پر 3 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اب ان کا کورونا وائرس اینٹی باڈیز کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

خیال رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کے باعث 7 لاکھ 39 ہزار 561 اموات ہوچکی ہیں اور 2 کروڑ دو لاکھ 77 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ صحت یاب افراد کی تعداد ایک کروڑ 32 لاکھ 2 ہزار 228 ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے 52 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 329 اموات ہوئی ہیں۔ امریکہ کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

برازیل میں 30 لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ برازیل میں کورونا سے مزید 133 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور مجموعی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

بھارت میں کورونا مریضوں کی تعداد22 لاکھ 71 ہزارسے زائد ہوگئی ہے اور ایک دن میں 886 افراد جاں بحق ہونے سے اموات کی مجموعی تعداد 45 ہزارتین سو سے بڑھ گئی ہے۔