مٹی میں بچوں کا کھیلنا قوتِ مدافعت کیلئے مفید

444

اگر آپ اپنے بچوں کو الرجی اور دمہ جیسی بیماریوں سے بچانا چاہتے ہیں تو سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انہیں مٹی میں کھیلنے دیں اور فرش پر لیٹنے دیں۔

بظاہر یہ عجیب سی بات معلوم ہوتی ہے مگر سائنسدانوں نے ایک تازہ تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ بچوں کو حد سے زیادہ دھول مٹی سے بچانے سے ان میں وہ قوت مدافعت پیدا ہی نہیں ہوتی جو دمہ اور الرجی جیسی بیماریوں سے بچانے کیلئے ضروری ہوتی ہے۔

جرنل آف الرجی اینڈ کلینیکل امیونولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جب بچے مٹی میں کھیلتے ہیں یا فرش پر لیٹتے ہیں تو ان میں بہت سے مضر صحت بیکٹیریا اور دیگر جراثیموں سے مقابلہ کی صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے جو ساری زندگی کیلئے انہیں بہت سی بیماریوں سے بچانے کیلئے قوت مدافعت بخشتی ہے۔

اگر آپ کے چھوٹے بچے کبھی کبھار زمین یا صاف مٹی پر کھیلنا چاہیں تو منع مت کریں بلکہ انہیں اس کی اجازت دے دیں۔ اس سے ان کی قوت مدافعت بڑھے گی تاہم اس بات کا خیال رکھیں کہ بچے مٹی نہ کھائیں۔ مٹی کھانا صحت کیلئے نقصاندہ ہے۔