بھارت 500 رافیل بھی لے آئے ہم تیار ہیںٍ، پاک فوج

169

راولپنڈی (خبر ایجنسیاں) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت 500رافیل طیارے بھی لے آئے تو پاکستان کو کوئی فکر نہیں،مقابلہ کرکے دکھائیں گے، ہم تیارہیں۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پتا ہے کہ خطرہ کیا ہے اور اس سے کیسے نمٹنا ہے،پاکستان نے نئے سیاسی نقشے میں جونا گڑھ پر اپنا دعوی ظاہر کرکے ارادہ ظاہر کردیا ہے اور اب اسے آگے لے کر چلیں گے۔فوجی ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بہترین ہیں
اور بہترین رہیں گے، کسی کو مسلم دنیا میں سعودی عرب کی مرکزیت پر کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے، دنیا ایک دوسرے سے منسلک ہورہی ہے، کسی نئے بلاک میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں ہے۔جنرل باجوہ کا دورہ سعودی عرب پہلے سے طے شدہ تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کل بھوشن یادیو کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہوگی،کل بھوشن دہشت گرد ہے جس نے پاکستانیوں کا خون بہایا ہے، بھارت خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے، کسی بھی وقت یہ لاوا پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔میجر جنرل بابرافتخار نے مفرور دہشت گرد احسان اللہ احسان کی مبینہ آڈیو ٹیپ میں کیے گئے دعووں کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا۔فوجی ترجمان نے کہا کہ احسان اللہ احسان کو ایک آپریشن کے دوران استعمال کر رہے تھے اس دوران وہ فرار ہوا،احسان اللہ احسان کے فرار کے ذمے داروں کیخلاف تادیبی کارروائی کی جارہی ہے۔ احسان اللہ احسان سے ملنے والی معلومات سے بہت فائدہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کی افواج پاکستان اورعوام کے درمیان خلیج پیداکرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔