کوئٹہ ،بارشوں سے 13 افراد جاں بحق،امدادی کام جاری ہے،ترجمان بلوچستان حکومت

295

کوئٹہ (نمائندہ جسارت)بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 13 افراد جاں بحق ہوئے، متاثرہ علاقوں میں مزید امدادی سامان بھی پہنچایا جارہا ہے۔ کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے صوبے کے 8 اضلاع زیادہ متاثر ہوئے، سولہ سال بعد اتنی زیادہ بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے ندی نالوں میں بڑے پیمانے پر طغیانی کی صورتحال پیدا ہوئی۔ لیاقت شاہوانی نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں 9 سو 60 گھروں، 8 قومی اور رابطہ سٹرکیں، 3 ڈیمز کو نقصان پہنچا، جہاں ہیلی کاپٹر سمیت دیگر طریقوں سے امدادی سامان پہنچایا گیا۔ مزید امدادی سامان بھی پہنچایا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کل رات کو بسیمہ میں آنے والے زلزلے کے سبب درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا، تاہم جانی نقصان نہیں ہوا، نقصان کا جائزہ لینے کے لیے سروے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کررہے ہیں، آئندہ میگا تعمیراتی کام سے متعلق محکمہ ماحولیات سے این او سی لینا لازمی ہوگی۔ کوئٹہ کراچی شاہراہ کی تعمیر کا دیرینہ مطالبہ بھی پورا ہونے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں 15 ستمبر سے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز ایس او پیز کے ساتھ کھولی جارہی ہیں، اسپتالوں میں طبی سہولیات سے متعلق مسائل جلد حل کردیں گے۔ سول اسپتال میں ڈائیلائسز مشینوں کا مسئلہ جلد حل کردیں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دودھ، دہی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق حکومت نے نوٹس لیا ہوا ہے، ضلعی انتظامیہ کو دودھ، دہی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ہدایت جاری کردی ہیں، پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال ہیں۔