کشمیری عوام تنہا نہیں ، اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ، صدر مملکت

120

 

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام تنہا نہیں‘ اخلاقی‘ سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھیں گے، ہمیں یوم آزادی مناتے ہوئے اپنے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہن بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے اور پاکستان کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یہ دن
ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیزقیادت میں اپنے آباو اجداد کی بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، یہ دن ہمیں کارکنان تحریک پاکستان کے نظریات پر قائم رہنے کے عزم کی تجدید اور ان کی جدوجہدکو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بہت سے مسائل درپیش ہوئے لیکن ہماری پْر عزم قوم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن سے ان پر قابو پا لیا،ہمیں کورونا کیخلاف حفاظتی تدابیر پر لازماً عملدر آمدجاری رکھنا ہوگا، ہماری معیشت ہر شعبے میں ترقی کر رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم بحران سے نکل چکے ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمیں یوم ِ آزادی مناتے ہوئے اپنے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہن بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے جنہیں کشمیریوں کو بھارتی سیکورٹی فورسز بے تحاشا مظالم کا نشانہ بنا رہی ہیں،میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔