آج ملک بھر میں یوم فلسطین منایاجائے گا‘ سراج الحق راولپنڈی میں ریلی کی قیادت کرینگے

212

کراچی /راولپنڈی( اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی اپیل متحدہ عرب امارات کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے فیصلے کے خلاف آج16 اگست کو ملک گیر احتجاج ہوگا۔اس دن ملک کے چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور تمام بڑے شہروں میںبھی احتجاجی مظاہرے ہوں گے ، جلسے ‘جلوس اور ریلیاں ہوں گی۔امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق راولپنڈی میں ریلی کی قیادت کریں گے ‘ دفاع بیت المقدس ریلی 4 بجے سہ پہر لیاقت باغ سے فوارہ چوک تک نکالی جائے گی، سیکرٹری جنرل امیر العظیم لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی پروگرام سے خطاب کریں گے جبکہ یوم فلسطین کے سلسلے میں کراچی سمیت سندھ بھر میں انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے، کراچی میں پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا‘ شام 5 بجے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ودیگر خطاب کریں گے ۔ جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان کے مطابق اسرائیل عرب امارات معاہدے کے خلاف کراچی تا کشمورسندھ کے تمام شہروں میں احتجاجی پروگرامات کو ترتیب دیا گیا ہے ، احتجاجی مظاہروں سے مرکزی ، صوبائی اور مقامی رہنما خطاب کریں گے۔