مقبوضہ کشمیر سے آخری فوجی کے انخلا تک جدوجہد کرینگے، راجا فاروق

126

مظفرآباد (صباح نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر سے آخری بھارتی فوجی کے انخلا تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی، بھارت کا یوم آزادی ریاست جموں و کشمیر کے عوام کیلیے ’’یوم سیاہ‘‘ ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے یوم سیاہ کے موقع پر بیان میں کہا کہ بھارت کی جمہوریت کا پول دنیا پر کھل چکا ہے، کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ رہا ہے نہ رہے گا۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں جن کا اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر موودی کو آج دنیا بھر میں کشمیریوں نے واضع پیغام دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنا جابرانہ اور فوجی تسلط اب زیادہ دیر تک قائم نہیں رکھ سکتا اور کشمیری عوام بھارتی جبر و استبداد سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ راجا فاروق حیدر نے اپنے پیغام میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اُن کی جدو جہد آزادی میں پوری طرح شریک ہیں اور ہم عالمی طاقتوں کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ خطے میں پائیدار امن کے تمام راستے کشمیر سے ہو کر گزرتے ہیں اس لیے حالات کی سنگینی کا احساس کریں اور کشمیری عوام کے ساتھ بین الاقوامی وعدوں کے مطابق انہیں بنیادی حق خودارادیت دلانے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کریں۔