اسرائیل سے سمجھوتا کر کے عرب امارات نے مسلمانوں سے غداری کی ، ایرانی صدر

162

 

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ سمجھوتا کرکے فلسطین کاز کو نقصان پہنچایا اورمسلمانوں سے غداری کی ہے ۔ٹی وی پرنشر ہونے والی تقریر میں متحدہ عرب امارات کو نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے دھوکا دیا ہے، اسرائیل سے معاہدے کا مقصد نومبر میں ہونے والے امریکی صداری انتخاب میں دوبارہ جتوانا ہے،اسی وجہ
سے اس معاہدے کا اعلان واشنگٹن سے کیا گیا ہے۔روحانی نے متحدہ عرب امارات کو متنبہ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے پاؤں مضبوط کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای ہوشیار رہے، انہوں نے بہت بڑی غلطی کی ہے، ایک غدار قدم اٹھایا ہے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوگا اور وہ اس غلط راستے کو چھوڑ دیں گے۔ایرانی صدر نے کہاکہ اب یہ معاہدہ کیوں ہوا ہے؟ اگر یہ معاہدہ غلط نہیں ہے تو پھر کسی تیسرے ملک میں اس کا اعلان کیوں کیا گیا ؟ وہ بھی امریکا میں؟ تاکہ واشنگٹن میں بیٹھا شخص ووٹ جمع کرسکے، آپ نے اپنے ملک، اپنے لوگوں، مسلمانوں اور عرب دنیا کے ساتھ غداری کی؟ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے معاہدے کے بعد ’بچوں کو ہلاک کرنے والی صہیونی حکومت کی تباہی کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ادھر متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ اس کے معاہدے کا مقصد ایران کو جواب دینا نہیں ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ترکی کی جانب سے بھی اس معاہدے پر تنقید کو مسترد کردیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور گرگش نے خبر رساں ادارے بلومبرگ کوانٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت پیچیدہ ہیں، ہمیں کچھ خدشات لاحق ہیں لیکن ہمارے خیال میں تناؤ کو کم کر کے ہی ان مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔