پشاور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر تمام ملک کی طرح خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں یو اے ای کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے اور سفارتی تعلقات قائم کرنے کے خلاف جماعت اسلامی کے زیر قیادت بھرپور یوم احتجاج منایا گیا اور تحفظ فلسطین ریلیاں نکالی اوراحتجاجی جلسے منعقد کیے گئے ۔ اس سلسلے میں ضلع کرک میں مرکزی احتجاجی ریلی اور جلسہ منعقد کیا گیا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان، نائب امیر مولانا تسلیم اقبال اور ضلعی امیر محمد ظہور خٹک نے کی۔ ریلی سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے خطاب کیا۔ صوبائی امیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل نے امریکا اور اقوام متحدہ کی چھتری کے نیچے مسلم علاقوں پر مسلسل قبضہ جاری رکھا ہو ا ہے۔ اقوام متحدہ اس وقت اسرائیلی اور امریکی ایجنٹ بن کر اپنے طے شدہ منشور سے غداری کر رہا ہے امارات کے حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کر کے پوری امت مسلمہ اور دین اسلام سے غداری کی ہے اس وقت پوری امت پر امریکی ایجنٹ حکمران مسلط ہیں ہم کسی قیمت پر بھی مسجد اقصیٰ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی سے دست بردار نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے حکمران فوری طور پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لیں ورنہ ان کو اپنے وطن میں قبرکی جگہ بھی نہیں ملے گی۔ اسی طرح سوات میں ضلعی امیر محمد امین کی قیادت میں مظاہرہ ہوا ، بونیر میں یو اے ای اسرائیل معاہدے کے خلاف ہونے والے مظاہرے کی قیادت امیر ضلع محمد حلیم باچا نے کی ، ملا کنڈ میں بھی فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت امیر ضلع خورشید ربانی اور تحصیل درگئی کے امیر مولانا جمال الدین کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ۔ پشاور جماعت اسلامی ضلع پشاورکے امیر عتیق الرحمن اور جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر صدیق الرحمن پراچہ کی قیادت میں مسجد مہابت خان سے احتجاجی جلوس شروع ہوا ۔ مظاہرین نے معاہدے، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں شدید نعرے بازی کی۔ اسی طرح صوبے کے دیگر اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان ، لوئر دیر کی پانچ تحصیلوں تحصیل منڈا ، خال ، ادنیزئی ، تیمر گرہ اور ثمر باغ میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ نو شہرہ ،صوابی، مردان ، چار سدہ اور مانسہرہ میں بھی ضلعی قیادت کے تحت بڑی بڑی ریلیا ں اور احتجاجی جلسے منعقد کیے گئے ۔ لوئر دیر میں جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما مولانا اسد اللہ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور اس کے ایجنٹ اپنے مکروہ عزائم سے باز رہیں۔ فلسطین مسلمانوں کی ملکیت ہے اسے کسی کو چھیننے نہیں دیں گے۔ متحدہ عرب امارات کا کردار انتہائی شرمناک اور امت کے ساتھ غداری پر مبنی ہے۔ تاریخ متحدہ عرب امارات کو اس غداری پر معاف نہیں کرے گی۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام قبائلی اضلاع خیبر میں ضلعی جنرل سیکرٹری ضیا الحق آفریدی اور ضلع کرم میں ضلعی امیر حکمت خان حکمتیار کی زیر قیادت عوام کی بھرپور شرکت کے ساتھ یوم احتجاج منایا گیا ۔ضلع کرم میں تحفظ فلسطین ریلی کی قیادت ضلعی امیر حکمت خان حکمتیار اور الیاس بنگش نے کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ یو اے ای کے حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے کر امت مسلمہ کی صف میں اسرائیل اور امریکا کے گٹھ جوڑ کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں۔