کراچی(اسٹاف رپورٹر)عمیر ثناء فائونڈیشن کے تحت یومِ آزادی کے سلسلے میں یاسین آباد میں تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے جشنِ آزادی کی تقریب منعقد کی گئی۔
جس میں تھیلے سیمیا کے بچوں،ان کے والدین،سابق اولمپئن اصلاح الدین،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن،سابق اسپینر توفیق احمد،کرکٹر رومان رئیس،اسپورٹس رپورٹر ماجد بھٹی،عمیر ثناء فائونڈیشن کے ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری ،ڈاکٹر راحت حسین،رفیق احمد خان اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ بھی لگایا گیا ،جہاں رومان رئیس اور ان کے ساتھیوں نے اپنے خون کے عطیات دیئے.تقریب میں شریک مہمانوں نے تھیلے سیمیا کے بچوں کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور کیک بھی کاٹا.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا،ہم نے یہ ملک اس لیے حاصل کیا تھا کہ ہم اسے ایک اسلامی ،رفاہی اور فلاحی ریاست بنائیں مگر بد قسمتی سے اب تک یہ خواب ادھورا ہے۔اب یہ ذمہ داری نئی نسل پر ہے کہ وہ پاکستان کے قیام کے مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد کرے۔
مقررین نے ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے عمیر ثناء فائونڈیشن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ تھیلے سیمیا کا خاتمہ اور اس مرض میں مبتلا بچوں کے لیے علاج معالجے کا بندوبست کرنا ایک ایسا کام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے.ہم اس نیک مقصد میں عمیر ثناء فائونڈیشن کے ساتھ ہیں۔