پورا خاندان گرفتار کرلو ، دبائو میں نہیں آئیں گے ، بلاول

91

 

اسلام آباد(آن لائن +مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے واضح کیا ہے کہ میرے پورے خاندان کو گرفتار کرلو، 18ویں ترمیم ،آئین اور جمہوریت پر آنچ نہیں آنے دیں گے،دبائو محسوس کررہے ہیں اور ہمیں بھی لائن میں آنے کے لیے دھمکیاں دی جارہی ہیں،ہم کل بھی دبائومیں نہیں آئے اور آج بھی دبائو میں نہیں آئیں گے ،کٹھ پتلی وزیراعظم ہائوس میں بیٹھا ہے ،اس کی ڈور کہیں اور سے ہلتی ہے ، یہ نہ ملٹری کورٹ ہے نہ ان کیمرہ کورٹ ہے، عوام کو حق ہے عدالت آنے کا اور کارروائی دیکھنے کا ، وکلا کو عدالت آنے سے روکا گیا جس سے کارروائی میں
تاخیر ہوئی، کیا یہ سب جج پر دبائو ڈالنے کی کوشش تھی،یہ میرے ساتھ اور میرے خاندان کے ساتھ نفسیاتی کھیل کھیل رہے ہیں،آج جو پیپلز پارٹی کے ساتھ ہورہا ہے، کل کسی اور کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے،پیپلز پارٹی نے آمریت کا مقابلہ کیا ، آج بھی اس کٹھ پتلی حکومت کی مخالفت کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔پیر کو احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی پیشی کے موقع پر بلاول زر داری بھی عدالت میں موجود تھے۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ یہ نہ ملٹری کورٹ ہے نہ ان کیمرہ کورٹ ہے، عوام کو حق ہے عدالت آنے کا اور کارروائی دیکھنے کا لیکن وکلا کو عدالت آنے سے روکا گیاجس سے کارروائی میں تاخیر ہوئی۔بلاول نے سوال کیا کہ کیا یہ سب جج پر دباؤ ڈالنے کی کوشش تھی یا ہم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش؟ زرداری کا اتنا ڈر ہے کہ اسلام آباد کی تمام پولیس یہاں کھڑی کردیتے ہو، 17اگست کو مینگو ڈے ہوتا ہے،یہ ایک آمر کا آخری دن تھا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھاکہ اپوزیشن پر دباؤ ڈال کر کٹھ پتلی کی طرح چلانے کی کوشش کررہے ہو ،پیپلزپارٹی نے آمریت کا بھی مقابلہ کیا، اس کٹھی پتلی حکومت کا بھی مقابلہ کریں گے، ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ ہم بھی لائن میں آجائیں، ہم نہ پہلے دباؤ میں آئے ہیں نہ اب دباؤ میں آئیں گے ، جمہوریت ، این ایف سی ، 18ویں ترمیم کسی پر اپنا موقف تبدیل نہیں کریں گے، پورے خاندان کو گرفتار کرنا ہے کرلو، 18 ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دیںگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو کٹھ پتلی وزیر اعظم ہاؤس میں بیٹھا ہے اس کی ڈور کہیں اور سے ہلتی ہے، یہ کٹھ پتلی اور جعلی حکومت نہیں چلے گی۔بلاول کا کہنا تھا کہ جب آپ کے پاس کوئی کیس اور کوئی دلیل نہیں ہوتی توگالی دی جاتی ہے،عدالت عظمیٰ کے وکلا کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، نیب کے وکیل کے پاس کوئی دلیل نہیں تھی تو وکیل ساتھیوں کو گالی دے رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ میرے ساتھ اور میرے خاندان کے ساتھ نفسیاتی کھیل کھیل رہے ہیں، اگر میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹتا تو یہ میرے خاندان اور کارکن کو انتقام کا نشانہ بناتے ہیں، میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، ہم عدالتوں سے انصاف کی توقع کرتے ہیں،اگر ہم عدالتوں پر یقین نہیں رکھیں گے تو کون رکھے گا۔بلاول کا کہنا تھا کہ کسی نے نہیں سمجھا کہ اے پی ایس کا ملزم بھاگ چکا ہے۔