کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کا طلبا کو فائنل گریڈ دینے سے متعلق بڑا فیصلہ

292

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اساتذہ کے تیار کردہ گریڈز پر طلبا کو فائنل گریڈ دیا جائے گا، اسکولوں کوجلد ہی نئے گریڈز کا اجرا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے طلبا کو فائنل گریڈ دینے سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا، کیمبرج بورڈ کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے تیار کردہ گریڈز پرطلبا کو فائنل گریڈ دیا جائیگا، اعلامیہ تمام اسکولوں کو بھی ارسال کردیا جائے گا، اسکولوں کوجلد ہی نئے گریڈز کا اجراکر دیا جائے گا۔

گذشتہ روز کیمبرج یونی ورسٹی کے اے لیول، جی سی ایس ای کے نتائج پر طلبا اور والدین نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، کورونا وائرس کی وجہ سے طلبا کو اندازے پر مبنی امتحانی نتائج دیے گئے تھے اور 40 فی صد نتائج میں طلبا کو پہلے سے کم گریڈ ملے۔

لندن کے پاکستانی نژاد میئر صادق خان نے نتائج تبدیلی کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں بھی ہزاروں طلبا کیمبرج نتائج سے مطمئن نہیں ہیں، پاکستان میں بھی طلبانے او لیول، اے لیول کے برطانوی نتائج کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

واضح رہے کہ سارا سال محنت کرنے والے دنیا بھر کے طلبا کو کیمبرج یونی ورسٹی کی جانب سے 40 فی صد ڈان گریڈنگ کے ذریعے A سے C اور D گریڈ دے دیا گیا ہے۔

طلبا کو انفرادی طور پر اپیل کے حق سے بھی محروم کر دیا گیا ہے، اور صرف اسکولز کو مجموعی طور پر اپیل کرنے کی اجازت دی گئی۔

آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے آج اس پر احتجاج کرتے ہوئے O اور A لیول کے نتائج مایوس کن اور ناقابل قبول قرار دیا ہے، تنظیم کا کہنا تھا کہ اس طرح ڈان گریڈنگ سے لاکھوں طلبا کا مستقبل متاثر ہوگا، حکومت کیمبرج یونی ورسٹی کو نتائج پر نظرثانی کے لیے مجبور کرے۔