بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز

95

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے باقاعدہ آغاز کے لئے الیکشن کمیشن اور محکمہ بلدیات سندھ میں باقائدہ خط و کتابت شروع ہوگئی ہے۔

اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی جانب سے محکمہ بلدیات کو نئی حلقہ بندیاں کرنے سے متعلق خط لکھ دیا گیا ہے جبکہ محکمہ بلدیات نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر صوبے بھر کے کمشنرز کو خط لکھ کر یونین کونسل سطح پر نئی حلقہ بندیاں کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

محکہ بلدیات سندھ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیاں 2017 کی مردم شماری کے تحت کرانے کا حکم دیا ہے جبکہ نئی حلقہ بندیاں اور نئے بلدیاتی قوانین کے تحت آئندہ بلدیاتی انتخابات ہونگے۔

الیکشن کمیشن کا محکمہ بلدیات کے خط کے بعد صوبے میں نئی مردم شماری کے تحت یونین کونسل سطح پر نئی حلقہ بندیوں سے متعلق کام شروع کردیا گیا ہے جس کے مطابق بلدیاتی نمائندوں کی مدت مکمل ہونے کے 120 دن کے اندر بلدیاتی انتخابات کرائے جانے ہیں۔

محکمہ بلدیات نے ڈپٹی کمشنرز کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر کو تین دن کے اندر رپورٹ فراہم کرنے کا کہہ دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا محکمہ بلدیات کو خط میں بتایا گیا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق رپورٹ بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہونے سے قبل فراہم کی جائے گی۔

خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ محکمہ بلدیات نے سندھ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو نئی حلقہ بندیوں سے متعلق رپورٹ تین دن میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔