آرمی چیف کی سعودی نائب وزیر دفاع سے ملاقات

149
سعودی عرب: آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ سعوی نائب وزیر دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کررہے ہیں

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف کی دورہ سعودی عرب کے دوران ملک کے نائب وزیر دفاع سے ملاقات میں سیکورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ دفاع، سیکورٹی تعاون اور خطے کی سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے۔جنرل قمر جاوید باجوہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ کے خاتمے اور تعلقات کی بحالی کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے پہنچے تھے۔عسکری ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف کے ساتھ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ جنرل فیض حمید بھی موجود ہیں۔سعودی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل فیاض بن حماد الرویلی نے آرمی چیف کا استقبال کیا تھا۔بعد ازاں سعودی ہم منصب اور سعودی عرب کے کمانڈر جوائنٹ فورسز لیفٹیننٹ جنرل (سٹاف) فہد بن ترکی السعود سے آرمی چیف اور ان کے ساتھ آئے ہوئے وفد نے ملاقات کی۔انہیں سعودی وزارت دفاع میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔خیال رہے کہ دونوں ممالک روایتی طور پر قریب تر ہیں اور سعودی عرب نے 2018 میں پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا قرض اور 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل قرض پر دینے کی سہولت دی تھی تاکہ ادائیگیوں کے بحران کے توازن میں مدد ملے۔