مقبوضہ کشمیر، ہندوانتہاپسندوں کی شان رسالت میں گستاخی، ہڑتال کا اعلان

120

سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں ہندوانتہاپسندوں کی جانب سے شان رسالتﷺ میں گستاخی کے خلاف حریت کانفرنس نے وادی میں بدھ کو مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں اتوار کو مقامی کیبل چینل پر انٹرویو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی جس میں ستپال شرما نامی شخص نے نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی شان میں گستاخانہ الفاظ کہے۔ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہونے کے بعد مقبوضہ وادی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور واقعے کے خلاف وادی میں شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی پولیس نے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم ستپال شرما اور اس کے دیگر 2 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان کا تعلق ہندو تنظیم بھارت رکشا منج سے ہے اور مرکزی ملزم ستپال شرما بھارتیہ جنتا پارٹی کا مقامی لیڈر ہے جب کہ تینوں ملزمان کے خلاف جموں کے تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے بدھ کو مقبوضہ وادی میں توہین رسالت کی ویڈیو کے خلاف مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا۔حریت کانفرنس اور وادی کی دیگر جماعتوں نے گستاخانہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گستاخ رسول کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔حریت رہنما سید علی گیلانی نے حالیہ واقعے کو سوچا سمجھا سیاسی ہتھکنڈا اور فرقہ پرستی کو ہوا دے کر مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی سازش قراردیا اور کہا کہ ناموس رسالت کیخلاف گستاخانہ بیان مسلمانوں کے لیے ہمیشہ ناقابل قبول ہوگا۔جنرل سیکرٹری مولوی بشیر نے کہا کہ کشمیر کے لاکھوں مسلمان ناموس رسالت کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے کو تیار ہیں۔