سازشی عناصر ملک اور صوبے کی ترقی نہیں چاہتے، عثمان بزدار

107

راولپنڈی (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سازشی عناصر ملک اور صوبے کی ترقی نہیں چاہتے، ہر 4 ماہ بعد میرے جانے کا شوشا چھوڑ دیا جاتا ہے، ہم عدلیہ سمیت ہر آئینی ادارے کا احترام کرتے ہیں، بہاولپور میں بھی ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کریں گے، معذور افراد، بزرگ اور بچوں کیلیے خصوصی سیٹیں رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو راولپنڈی میں ڈبل ڈیکر سیاحتی بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمیشہ قانون کے مطابق اپنے فرائض ادا کیے اور کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سیف سٹی پروجیکٹ شروع کریں گے، ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح خوشی کا باعث ہے، پہلے یہ سروس صرف لاہور کے لیے تھی، کورونا کے بعد سیاحت سمیت تمام سیکٹرز کو شروع کر رہے ہیں۔ پنجاب کو ٹورازم حب بنائیں گے، کوٹلی ستیاں کے سیاحتی مقامات کو بھی سامنے لارہے ہیں، راولپنڈی ڈویژن میں سیاحتی مقامات کو بھی سامنے لائیں گے، اگر راولپنڈی میں ضرورت پڑی تو مزید بسیں بھی دیں گے۔ پسماندہ علاقوں کی طرف بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔