کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈکے سابق ایم ڈی مصباح الدین فرید امریکا میں انتقال کر گئے۔

468

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو اینڈ ایس بی) کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید طویل علالت کے بعد امریکا میں انتقال کر گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس ہی سابق منیجنگ ڈائریکٹر کے ڈبلیو ایس بی مصباح الدین فرید کا بائی پاس ہوا تھا۔ دل کے عارضے میں مبتلا مصباح الدین فرید کی واٹر بورڈ کیلئے اعلیٰ خدمات رہیں جبکہ مصباح الدین فرید 2 بار ایم ڈی واٹر بورڈ کے عہدے پر فائز رہے۔

سابق ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین نے اپنے دورِ ملازمت کے دوران کوئی سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا اور حکومتِ سندھ کو 3 بار سیاسی دباؤ سے تنگ آ کر اپنا استعفیٰ بھیجا تاہم ہر بار انہیں عہدے پر برقرار رکھا گیا۔

مصباح الدین فرید نے اپنے سوگواروں میں 1 بیوہ، 3 بیٹیاں اور 1 بیٹا چھوڑا ہے۔گزشتہ کئی برس سے مصباح الدین فرید کا خاندان امریکا میں مقیم ہے۔ سابق ایم ڈی واٹر بورڈ کو بورڈ کے اہم عہدوں پر تعینات کیا گیا۔ سابق ناظم نعمت اللہ خان (مرحوم) کے دور میں مصباح الدین فرید تعمیر کراچی پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر رہے جبکہ کے تھری، ایس تھری اور کے فور سمیت اہم منصوبوں میں بھی انہیں شامل کیا گیا۔

کے تھری مکمل ہوچکا ہے جبکہ ایس تھری اور کے فور تاحال نامکمل منصوبے ہیں۔ مصباح الدین فرید کے انتقال پر کراچی واٹر اینڈ سیو ریج بورڈ کے افسران اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے دْعائے مغفرت کی ہے۔ مصباح الدین فرید کی تدفین امریکا میں کی جائے گی۔

واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمد شیخ نے سابق ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک تعزیتی پیغام میں ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ مصباح الدین فرید کو اہلیان کراچی خصوصا واٹربورڈ کے ملازمین کبھی فراموش نہیں کرپائیں گے، مرحوم کی شہر اور واٹربورڈ کے حوالے سے گراں قدر خدمات ہیں۔

مرحوم نے ادارے کو استحکام دیا اور اس کی نیک نامی کیلئے سخت محنت کی، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور تمام سوگواران کو صبر جمیل دے، آمین