نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل خان بزنجو انتقال کر گئے

283

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میر حاصل خان بزنجو انتقال کر گئے۔‏نیشنل پارٹی کے مرکزی قائد سابق وفاقی وزیر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو اب اس دنیا میں نہیں‌رہے ہیں۔وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔

نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل خان بزنجو انتقال کر گئے ہیں،مرحوم کینسر کے مرض میں مبتلا اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

میر حاصل خان بزنجو 3 فروری 1958ء کو بلوچستان کے علاقے خضدار میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد والد میر غوث بخش بزنجو کو صوبے کا پہلا گورنر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

انہوں نے 1975ء میں کوئٹہ سے میٹرک تک تعلیم حاصل کی جس کے بعد انہوں نے اعلیٰ تعلیم کیلئے کراچی کا رخ کیا۔

میر حاصل خان بزنجو نے 1989ء میں اپنے والد کے انتقال کے بعد سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور پاکستان نیشنل پارٹی کا حصہ بنے۔ 1990ء میں پارٹی ٹکٹ پر پہلی بار انتخابات میں حصہ لیا اور رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ کئی بار جیل کے سلاخوں کے پیچھے بھی گئے۔

2003ء میں انہوں نے نئی سیاسی جماعت نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ 2008ء میں عام انتخابات کا بائیکاٹ کیا اور 2009 میں سینیٹر منتخب ہوئے۔

2013ء میں مسلم لیگ (ن) کی مدد سے بلوچستان میں نیشنل پارٹی اقتدار میں آئی اور یوں اس کی قیادت نے قومی توجہ حاصل کی، میر حاصل خان بزنجو 2014ء میں اس کے صدر بنے۔