سندھ حکومت کا کراچی میں نالوں پر تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ

50

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت نے کراچی میں نالوں پر قائم تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس، این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کے افسران کی بھی شرکت۔ اجلاس میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی رپورٹ کی وجہ سے ان کا کام آسان ہوگیا، کارروائی کے دوران کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے میں جو ادارہ یا شخص ہاتھ بٹائے گا اسے خوش آمدید کہیں گے۔ دریں اثناء میڈیا سے بات چیت میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمارا احتجاج سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں اور وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف تھا۔ ملاقاتیں ہوئی ہیں، کمیٹی بنائی بھی جائے گی تو وہ سہولت کاری کیلیے ہوگی، کراچی کے مسائل کا حل سندھ حکومت اور وفاق کا فرض ہے۔ کراچی پر سیاست ہم نہیں وہ لوگ کر رہے ہیں جنہوں نے شہر کو اس حال پر پہنچایا ہے، ہم نے شہر میں کافی کام کیا ہے، مگر ہم پر نااہلی تھوپی جا رہی ہے۔