سری نگر(آن لائن،خبر ایجنسیاں )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی ‘6 شہید‘ 2 اہلکاروں کی خودکشی۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے روایتی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا کے ایک گائوں میں بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ خواتین سے بدتمیزی کی گئی، بزرگوں اور بچوں کو ہراساں کیا گیا۔نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے ایک نوجوان کو گولیاں مارکر شہید کردیا اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے لاش کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے شہید ہونے والے نوجوان کو عسکریت پسند ثابت کرنے کے لیے ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش کی جسے علاقہ مکینوں اور اہل خانہ نے حقائق سامنے لاکر ناکام بنادیا۔علاوہ ازیں بھارتی سرحدی سیکورٹی فورسز نے پنجاب کے ضلع تاران تاران میں پانچ افراد کو پاکستانی در انداز قرار دیکر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بی ایس ایف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ضلع تاران تاران میں باڑ کے پار مشتبہ نقل وحرکت ہوتے ہوئے دیکھی ۔ بی ایس ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ مشتبہ نقل وحرکت دیکھنے کے بعد بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ان افراد کو رکنے کا انتباہ کیا تاہم دراندازوں نے رکنے کے بجائے فائرنگ کر دی جس پر بی ایس ایف اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ ترجمان نے کہا کہ ابھی ان دراندازوں کی فوری شناخت نہیں ہو سکی ۔دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور سرچ آپریشن کے دوران دو بیگناہ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے گاندر بل کے علاقے بدر کند نرسری سے شوکت احمد بٹ نامی نوجوان اور اسلام آبا کے علاقہ کاریکدل سے عدیل فیاض بٹ نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا ۔ قابض فورسز کا دونوں نوجوانوں پر عسکریت پسندوں کی معاونت کا الزام ہے ۔قبل ازیں مقبوضہ کشمیر کے دو اضلاع میں پیرا ملٹری فورس کے دو اہلکاروں نے سرکاری رائفل سے خود کو گولیاں مارکر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کپواڑہ میں انڈین بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکار کندن رام کمار اور ضلع پونچھ میں راشٹریہ رائفل 39 کے اہلکار مہیت کمار نے سرکاری رائفل سے خود کشی کرلی۔ہلاک ہونے والے اہلکاروں نے جائے وقوع پر ہی دم توڑ دیا تھا جس کے بعد انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔ خود کشی کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پست ہمتی اور ذہنی دبائو کے باعث خودکشی کے واقعات میں تیزی آئی ہے اور 2007 سے تاحال 466 اہلکاروں نے خودکشی کی یا آپسی جھگڑے میں مارے گئے۔