انتظامیہ کی نااہلی سے میگا پراجیکٹ التوا کا شکار ہیں، رانا طہٰ

200

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیررانا طہٰ خاں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اس سال بھی کوئی نیا میگا پراجیکٹ شروع نہ کر سکی ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہ اور لاپروائی کے باعث جاری دو اہم ترین میگا پراجیکٹ کئی سال سے التوا کا شکار ہیں۔ 2019ء میں انتظامیہ کے نام نہاد دعوئوں اور وعدوں میں گزر گیا لیکن کشمیر پل انڈر پاس اور بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کی تعمیر مکمل نہ ہوسکی، بڑھتی ہوئی مہنگائی سے فنڈز میں کئی سو گنا اضافہ ہوگیا، انتظامیہ کی سست روی کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیصل آباد شہر میں ٹریفک مینجمنٹ اور پارکنگ مسائل کا خاتمے کرنے کے لیے بیرون چنیوٹ بازار وسیع و عریض جگہ پر کئی منزلہ پلازہ تعمیر کرنے کا مجوزہ منصوبہ بنایا گیا تھا جس پر کام کا آغاز 2015ء میں کیا گیا اور ایک ارب 57 کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے کام شروع کرتے ہوئے پانچ سال میں محض اس پارکنگ پلازہ کی بنیادیں ہی تعمیر کی جاسکی ہیں جبکہ باقی تمام کام تعطل کا شکار ہے، اسی طرح کینال روڈ پر 2018ء میں 1280 ملین روپے کی لاگت سے کشمیر پل انڈر پاس کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا جس پر فنڈز کی کمی اور حکام کی سست روی کے باعث نہ صرف فنڈز میں اضافہ ہوگیا بلکہ مقرر کردہ مدت میں پچاس فیصد تک کام بھی مکمل نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔