سرمایہ دارانہ سودی نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، عبدالحق ہاشمی

123

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ محرم الحرام رواداری، یکجہتی، اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، ہمیں ہر سطح پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے مسائل ومشکلات سے نجات کیساتھ ترقی وخوشحالی اور امن کی راہ پر گامزن ہونا چاہیے۔ بے اتفاقی دین سے دوری و کم علمی کی وجہ سے ہے، اسلام کی صراط المستقیم پر چل کر ہم دنیا وآخرت کی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ عقیدہ ختم نبوت کا دفاع پر مسلمان پر فرض ہے ۔پاکستان میں صرف اور صرف اسلامی نظام چل سکتا ہے اسلامی آئین پر عمل نہیں ہورہا۔ عدالت، سیاست، معیشت سمیت ہر طرف دین سے دوری اور سودی نظام کی طرف جارہے ہیں جس کی وجہ سے تباہی وبربادی اور مسائل کے دلدل میں پھنس گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقتدر قوتوں نے عوام کو صرف لولی پاپ سے ٹرخایا ہے، غافل بے حس حکمرانوں اور بار بار حکومتوں میں شامل پارٹیوں نے وعدوں ،بے عمل اعلانات اور جذباتی تقاریر سے بڑے بڑے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں جو ممکن نہیں ۔اقوام متحدہ میں اچھی تقریرکے بعد کشمیرسے یوٹرن نے کشمیری عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے ۔مہنگائی قرضوں میں کمی ،چینی ویگر مافیازکو سزادینے کے وعدوں سے روگردانی کی گئی جس کی وجہ سے ہم پریشان اور مسائل کے دلدل میں پھنس گئے ہیں غریب کے لیے چینی ستر سے ایک سودس روپے کلوہوگئی مگر حکمرانوں کو اس کی کوئی فکر نہیں۔ بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی بدحالی میں معاشی طور پر کمزور مستحقین کے لیے زندگی مشکل تر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اب غریب عوام نان شبینہ کے محتاج بن رہے ہیں، کرپشن عروج پر ہے اور چوری، رشوت وبدعنوانی سرکاری سطح پر حق سمجھ کرمانگا جار ہاہے جو لمحہ فکر ہے۔ اس ناکام، غلام، سرمایہ دارانہ سودی نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، قوم جماعت اسلامی کاساتھ دیں تاکہ ظلم وجبر سے نجات مل سکیں۔