جسٹس سردار اسلم نے ہمیشہ انصاف کو مقدم رکھا، چیف جسٹس آزاد کشمیر

79

راولپنڈی (اے پی پی) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجا سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ جسٹس سردار محمد اسلم نے ہمیشہ انصاف کو مقدم رکھا۔ اتوار کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے زیر اہتمام عدالت عظمیٰ کے سابق جسٹس سردار محمد اسلم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق جسٹس سردار محمد اسلم نے ہمیشہ عدلیہ کے انصاف کو مقدم رکھا، قانون اور انصاف کی بالادستی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا جو لائق تحسین ہے، عدل و انصاف کے لیے ان کی گرانقدر خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے قابل فخر ہے کہ میں سردار اسلم کی ٹیم کا حصہ تھا آج میں جو کچھ بھی ہوں ان کی وجہ سے ہوں، اٹارنی جنرل سے عدالت عظمیٰ کے جسٹس تک انہوں نے ہمیشہ میری رہنمائی کی۔ جسٹس سردار محمد اسلم نے قانون کی حکمرانی کو ترجیح دی، ان کی خدمات کو کبھی فرا موش نہیں کیا جا سکتا۔ تعزیتی ریفرنس سے ہائیکورٹ اسلام آباد کے سابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی، جسٹس (ر) شکور پراچہ،سپریم کورٹ بار کے صدر سید قلب حسن شاہ، صدرہائیکورٹ بارملک وحید انجم، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی چودھری طارق جاوید، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر سید غلام مصطفی و دیگر نے بھی خطاب کیا اور مرحوم جسٹس سردار محمد اسلم کو ان کی خدمات پر شاندار الفاظ میںخراج عقیدت پیش کیا۔