سینیٹ : اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز 10کرنے سمیت 2 بلز منظور

118

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک +خبر ایجنسیاں) سینیٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 10کرنے سمیت2 بلز کی منظوری، ایوان بالا میں 3 قراردادوں کی منظوری بھی دی گئی۔ پہلی قرارداد میں ایوان نے سفارش کی کہ حکومت کو جرائم کے شعبے میں گرفتار کیے گئے کم عمر افراد کے الگ حراستی مقامات کے قیام کے لیے ضروری اقدامات کرے تاکہ انہیں دارالحکومت
اسلام آباد میں تمام پولیس اسٹیشنز کے حراستی مراکز میں بالغ جرائم پیشہ افراد سے الگ رکھا جاسکے۔دوسری قرارداد میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ خصوصاً الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے ہمارے معاشرے کی ثقافتی اور سماجی اقدار کے فروغ کے لیے ضروری اقدامات کرے تاکہ ہمارے معاشرے اور ملک کے مثبت تشخص کو پیش اور فروغ دیا جاسکے۔ تیسری قرارداد میں ایوان نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ لارج ٹیکس پئیرزیونٹ کے دفاتر کو کوئٹہ سے کراچی اور پشاور سے اسلام آباد منتقلی کے فیصلے کو واپس لے۔ سینیٹ نے گزشتہ روز3بلز منظور کیے۔پہلا بل اسلام آباد ہائیکورٹ ترمیمی بل 2020سینیٹر محمد جاوید عباسی کی جانب سے پیش کیا گیا جس کا مقصد آئین کی شق (2) 193 کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی تعیناتی صوبائی ہائیکورٹس کے معیار کے تناظر میں ہوگی۔دوسرا بل سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے صوبائی موٹروہیکلز ترمیمی بل 2020پیش کیا گیا۔ تیسرا بل سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر مہرتاج روغانی کی جانب سے یونانی، ایوادک اور ہومیوپیتھی پریکسزز ترمیمی بل 2019 پیش کیا گیا