بدین (نمائندہ جسارت) قومی عوامی تحریک ضلع بدین کی جانب سے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کی سندھ دشمن پالیسیوں کیخلاف اللہ والا چوک سے بدین پریس کلب تک احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔ قومی عوامی تحریک ضلع بدین کی جانب سے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کی سندھ دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کراچی کو وفاق کے زیر انتظام دے کر سندھ کے عوام کے ساتھ دھوکا بازی کی جارہی ہے، ہم وفاق کی جانب سے پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پر مشتمل بنائی گئی کمیٹی کو تسلیم نہیں کرتے، کمیٹی کا مقصد سندھ کو تقسیم کرنا ہے۔ سندھ ایک ہے ور ایک ہی رہے گا، سندھ کو میلی آنکھوں سے دیکھنے والے سندھ کے وفادا ر نہیں، ہم سندھ کے غاصبانہ حقوق چھیننے کیخلا ف میدان میں نکلیں گے اور خون کے آخری قطرے تک سندھ کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ قومی عوامی تحریک ضلع بدین کے رہنما محمد بچل احمدانی و دیگر کی قیادت میں اللہ والا چوک سے بدین پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور کارکنوں نے بدین پریس کلب کے سامنے دھرنا دے کر روڈ بھی بلاک کیا۔ اس موقع پر شرکا نے وفاقی اور سندھ حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ قومی عوامی تحریک سندھ کیخلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کرے گی، وفاق کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کو مستر د کرتی ہیں۔