پنگریو (نمائندہ جسارت) پنگریو اور ضلع بدین کے دیگر شہروں سمیت اندرون سندھ کے دیگر علاقوں میں مچھروں کی بہتات کی وجہ سے عوام راتیں جاگ کرگزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں، مچھروں کے کاٹنے کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد ملیریا اور ٹائیفائیڈ کا شکار ہوگئی ہے۔ مچھروں کی افزائش میں زبردست اضافے کے باوجود محکمہ انسداد ملیریا اور شہری انتظامیہ کی جانب سے جراثیم کش اسپرے نہیں کرایا جارہا جس کی وجہ سے مچھروں کی افزائش میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ بدین پنگریو اور اندرون سندھ کی مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں اور عوامی حلقوں نے محکمہ انسداد ملیریا اور شہری انتظامیہ کی جانب سے مچھروں کی یلغارکے باوجود جراثیم کش اسپرے نہ کرانے کیخلاف شدیداحتجاج کیا اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ پنگریو اور اندرون سندھ کے دیگر علاقوں میں فوری طور پر مچھر مار اسپرے کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔