میونسپل کمیٹی قاسم آباد کی 4 سالہ کارکردگی انتہائی ناقص ہے، عمران قریشی

75

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدر آباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ بلدیہ حیدر آباد اور میونسپل کمیٹی قاسم آباد کی 4 سالہ کارکردگی انتہائی ناقص ہے ۔ بلدیہ کی لوٹ مار کی تحقیقات کرائی جائے اور شہریوں کے نام پر آنے والے پیسے کی پائی پائی کا حساب لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ 4سال گزر گئے لیکن حیدرآباد کی نہ تو قسمت بدلی بلکہ حیدرآباد ، لطیف آباد اور قاسم آباد میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکا رہیں ۔ شہر میں جگہ جگہ غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈ بنادیے گئے ہیں جہاں گاڑی کھڑی کرنے کے نام پر منہ مانگے پیسے وصول کیے جارہے ہیں۔ پورا شہر کھنڈر بنا ہوا ہے۔ محرم الحرام پر بھی سڑکوں، گلیوں کی تعمیر ومرمت کے کام نہیں کرائے جاسکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری ہوتے ہیں جہاں سے قیادت ابھر کر آگے جاتی ہے لیکن یہ نرسری تباہ وبرباد ہوگئی ہے۔ یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز براہ راست کرپشن میں ملوث ہیں ۔ لاکھوں روپے کے ترقیاتی بجٹ ملنے کے باوجود کسی علاقے میں کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی شہر کی تعمیروترقی کا اصل ادارہ میونسپل کارپوریشن ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے حیدرآباد میں یہ ادارہ خود مسائل کا گڑھ بن گیا ہے۔ گرین بیلٹ پر ناجائز تجاوزات قائم کردی گئی ہیں لیکن انہیں ہٹانے والا کوئی نہیں ہے۔ اس صورتحال پر حیدرآباد کے عوام یہ سمجھنے میں حق بجانب ہیں کہ اس شہر کے ساتھ جتنا ظلم اس دور میں ہوا ہے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔