حکومت کا جانا ٹھیر چکا، جلد نجات حاصل کرلیںگے، کائرہ

88

گجرات/ لالہ موسیٰ (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اب حکومت کا جانا ٹھیر چکا اس کیلیے اے پی سی بلائی گئی ہے، ہمیں توقع ہے جلد ہی حکومت سے نجات حاصل کرلیں گے۔ لالہ موسیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہحکومت نے سمجھا جس طرح کورونا میں بہتری آئی ہے اسی طرح ہر طرف بہتری آگئی ہے مگر
ایسا کچھ نہیں۔ پاکستان بدترین مشکلات کا شکار ہوگیا ہے، عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں، 2 سال میں حکومت نے یوٹرن کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔ صرف یہی کام کیا کہ نواز شریف کو پکڑو شہباز شریف کو پکڑو، بلاول زرداری کو پکڑو۔ یہ 2 سال میں عدالتوں میں اور نیب میں کیس لے کر گئے ہیں لیکن کسی کیس میں کوئی سزا نہیں دلوا سکے، یہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کبھی کہتے ہیں کہ خزانہ خالی ہے کبھی کہتے ہیں کہ انہوں نے ملک میں کام نہیں کروائے۔ 2 سال سے انکا یہی رونا ہے۔70 سال میں اتنا قرضہ نہیں آیا جتنا قرضہ اس حکومت نے لے لیا ہے۔ ان سے پوچھا جائے کہ جو قرضہ لیا ہے وہ کہاں لگایا ہے؟ نہ کوئی سڑک بنی نہ کوئی اسکول بنا، کوئی ڈیولپمنٹ کا کام نہیں ہوا۔