کسی میں طاقت نہیں جو کراچی کو سندھ سے الگ کرے،مراد علی شاہ

161
حیدر آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کسی میں طاقت نہیں جو کراچی کو سندھ سے الگ کرے۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز بارش سے متاثرہ مختلف اضلاع ملیر، ٹھٹھہ، سجاول ، بدین اور حیدرآباد کا دورہ کیا اوربارش کے پانی کی نکاسی اور ریلیف کے کام کا جائزہ لیا، ان کے ساتھ صوبائی وزراء سید ناصر شاہ، سہیل سیال، مکیش چاولہ و دیگر بھی تھے۔ مراد علی شاہ نے سجاول میں مین سیم نالے کا دورہ کیا اور بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کسی میں طاقت ہی نہیں ہے کہ کراچی کو سندھ سے الگ کرے، سندھ کے عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش بہت ہوئی ہے اور نقصان بھی ہوا ہے،کمیٹی ضلع کے نقصان کا تخمینہ لگائیگی اور نقصان کے ازالے کے لیے پیکج دیا جائے گا۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہوں،لازمی بارشوں میں نکلوں گا،لانگ بوٹ اور رین کوٹ پہنوں گا، انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی مقرر کرنا سندھ حکومت ، کابینہ کا کام ہے۔ بلدیاتی اداروں کی آئینی مدت ختم ہورہی ہے۔ نئی حدبندیوں کے بعد ہی بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ کریں گے۔ملیر کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ نیکمشنر کراچی کو پھنسے ہوئے لوگوں کو فوری نکالنے کی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لوگوں کو کھانا اور پانی فراہم کیا جائے اور انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبے کا شوشہ چھوڑنے والوں کے پاس عوام کے لیے کچھ نہیں ہے۔ اس لیے یہ لوگ ہمیشہ اس طرح کا انتشار پھیلاتے ہیں۔ علاوہ ازیںوزیراعلیٰ نے ٹھٹھہ کے دورے کے دوران سارے مین روڈز اور گلیاں صاف ہونے پرپی ایچ ای ، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔