الخدمت ملک بھر میں خدمت خلق کا ایک نمایاں نام بن چکی ہے،محمد عبدالشکور

88

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) الخدمت فائونڈیشن کی جنرل کونسل کااجلاس مرکزی صدر محمد عبد الشکور، الخدمت فائونڈیشن اسلام آباد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، نائب صدر ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ،سیکرٹری جنرل شاہد اقبال،سیکرٹری فنانس مرزا منور حسین، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال،جنرل منیجرز،ریجنل صدور اور نیشنل ڈائریکٹرز سمیت بڑے شہروں کے صدور بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں الخدمت فائونڈیشن کے تمام پروگرامات آفات سے بچائو ،صحت، تعلیم، صاف پانی، کفالت یتامیٰ ، مواخات اور سماجی خدمات کے نیشنل ڈائریکٹرز نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے گزشتہ سال 2019-20ء کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس کا اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔اس کے علاوہ آئندہ سال 2020-21ء کی منصوبہ بندی بھی پیش کی گئی۔اجلاس سے خطاب میں محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کے لیے بلاتفریق رنگ و نسل اورمذہب سرگرم ہے۔ الخدمت ملک بھر میں خدمت خلق کا ایک نمایاں نام بن چکی ہے اورمستحق اور نادار افراد کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کے لیے خدمات سر انجام دے رہی ہے۔