حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدر آباد ڈاکٹر لالا جعفر نے بارش کے حوالے سے ڈی ایچ او کے ماتحت چلنے والے اسپتالوں میں لگائی جانے والی ایمرجنسی کے بعد گورنمنٹ اسپتال پریٹ آباد، گورنمنٹ اسپتال قاسم آباد، گورنمنٹ شاہ بھٹائی اسپتال لطیف آباد اور دیگر ڈسپنسریوں کے دورے کیے اور وہاں بارش سے متاثرہ افراد کو دی جانے والی طبی امداد کے کاموں کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر لالا جعفر نے کہا کہ سندھ کے دیگر شہروں کی طرح حیدر آباد میں بھی بارشوں سے تباہی ہوئی ہے۔ بڑی تعداد میں شہری مختلف امراض کا شکار ہوکر اسپتال آرہے ہیں، جن کے علاج معالجے کے لیے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس کے لیے اسپتالوں میں الرٹ بھی جاری اور ادویات سمیت دیگر سامان بھی دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی کچی آبادیوں اور نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کی وجہ سے زیادہ تر افراد جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں الٹی، دست اور بخار کا شکار ہورہے ہیں، جن کے علاج کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے حوالے سے پہلے ہی تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی جاچکی ہے کہ اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر عملے کو بھی مزید ہدایت دی ہے کہ وہ خود لوگوں کے علاج معالجے کے حوالے سے صورتحال کو مانیٹر کریں۔